ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شہر میں بڑے نالوں پر قبضے ختم کرانے کیلئے انہدامی مہم جاری

شہر میں بڑے نالوں پر قبضے ختم کرانے کیلئے انہدامی مہم جاری

Thu, 11 Aug 2016 11:54:07    S.O. News Service

بنگلورو10؍اگست(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور)شہر میں بڑے نالوں پر غیر قانونی قبضے ہٹانے کیلئے برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی طرف سے انہدامی مہم آج پانچویں دن بھی جاری رہی۔ آج صبح یلہنکا کے ڈوڈ بمسندرا میں 25 سے زائد مکانات ، شیڈ اور کامپاؤنڈ منہدم کردئے گئے۔ ڈوڈ بمسندرا کے قریب 32فیصد چوڑے نالے کے کنارے پر مکانات تعمیر کرلئے گئے ہیں۔ اس نالے کی لمبائی 1.5 کلومیٹر تک ہے۔ ان مکانات کی تعمیر کی وجہ سے نالہ غائب ہوچکا ہے، جس کی وجہ سے بارہا بارش کے موسم میں نشیبی علاقے زیر آب آجاتے ہیں۔ بی بی ایم پی افسران نے اس علاقہ میں 60ایسے مکانات کی نشاندہی کی ہے جو غیر قانونی طور پر نالے پر تعمیر کئے گئے ہیں۔ان کو منہدم کرنے کا سلسلہ آج صبح جب شروع کیا گیا تو لوگوں نے کہاکہ ان لوگوں نے بی بی ایم پی اور بی ڈی اے کو بنیادی سہولیات کے عوض رقومات ادا کی ہیں۔ مکانات کی تعمیر کیلئے باضابطہ منظوری لی گئی ہے۔ لیکن اب اچانک نالے کا نقشہ لاکر یہ لوگ ان مکانات کو منہدم کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا کہ ان مکانات کی تعمیر کیلئے منظوری دینے والے افسران پر پہلے کارروائی کی جائے۔ یلہنکا کے جوائنٹ کمشنر سرفرازخان نے خود علاقہ میں موجود رہ کر بڑے نالوں پر تعمیر عمارتوں کو گرانے کی ہدایت جاری کی۔ انہدامی مہم کے بعد بی بی ایم پی افسران نے نالے کی زمین مارک کرکے اسے اپنے قبضے میں لے لیا۔مہادیو پورہ میںآنے والے کسوناہلی علاقہ میں بی بی ایم پی افسران نے مکینوں کو اپنے اسباب اٹھانے کیلئے ایک دن کی مہلت دیتے ہوئے آج انہدامی نہیں چلائی۔چھ مکان مالکان نے رضاکارانہ طور پر اپنے مکانات کے اگلے حصے توڑ دئے۔اس علاقہ میں کل سے دوبارہ انہدامی مہم جاری رہے گی۔ جن مقامات پر غیر قانونی قبضہ جات ہٹائے جاچکے ہیں وہاں نالوں کی کھدائی کاکام جنگی پیمانے پر شروع کردیا گیا ہے۔ 


Share: